۴ مهر ۱۴۰۳ |۲۱ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Sep 25, 2024
علامہ ساجد نقوی کی پاراچنار میں دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پارچنار کی حالیہ صورتحال پررد عمل دیتے ہوئے کہا: ضلع کرم میں مسلسل انسانی جانوں کے ضیاع نے صوبے کے امن پر بڑا سوالیہ نشان لگادیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ضلع کرم، پارا چنار میں دوبارہ کشیدہ صورتحال پیدا ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ضلع کرم میں مسلسل انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے،پائیدار امن کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں، اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات موثر ثابت نہیں ہوئے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا: ہم بارہا ارباب اختیار کو متوجہ کرچکے ہیں کہ ان مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطحی، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق منظر عام پر لائے جائیں اور ضلع کرم و دیگر علاقوں کا امن تہہ و بالا کرنیوالوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔

انہوں نے پارا چنار کی حالیہ صورتحال پر اپنے ردعمل میں کہا: ضلع کرم پا کستان کے خوبصورت علاقوں میں شامل ہے۔ اگر یہاں پائیدار امن قائم کیا جائے تو اس کے معاشی ثمرات سے بھی صوبہ سمیت پورا ملک مستفید ہوسکتاہے۔ مگر افسوس امن کے حوالے سے بڑا سوالیہ نشان لگا دیا گیاہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: پارچنار میں مسائل کے حل کے لئے عمائدین علاقہ کے خدشات سنے جائیں، اصل حقائق کیلئے اعلیٰ سطحی و بااختیار کمیشن کے ذریعے غیر جانبدار و شفاف تحقیقات کرکے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ضلع کرم سمیت صوبے میں پائیدار امن کا قیام یقینی بن سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .